بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ

9 Feb, 2020 | 06:42 PM

Arslan Sheikh

( عابد چوہدری ) معاشرے میں کمسن بچوں سے جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے سے نہ صرف بچے عدم تحفظ کا شکار ہو رہے ہیں بلکہ ان کے والدین اور رشتہ دار بھی سخت تشویش میں مبتلا ہیں، لاہور میں کمسن بچے وحشی درندوں سے غیر محفوظ ہونے لگے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے چالیس روز کے دوران شہر میں 18 بچے زیادتی کا شکار ہوئے۔ سب سے زیادہ کینٹ ڈویژن میں پانچ جنسی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ سٹی ڈویژن میں دو، صدر ڈویژن میں تین، سول لائنز ڈویژن میں تین اور اقبال ٹاؤن ڈویژن میں دو جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں تین بچے زیادتی کا شکار ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے گیارہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، مگر دیگر کیسز میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے کیونکہ زیادہ تر مقدمات میں تفتیش کا عمل نامکمل ہونے سے ملزم آزاد گھوم رہے ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے تاکہ معصوم بچوں کو اس حیوانیت سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں