(راؤدلشاد) جوہرٹاؤن میں مویشی انخلا کیلئے کارروائی بلدیہ عملے کو مہنگی پڑ گئی، شادی وال میں مسلح مویشی مالکان نے ٹیم پر حملہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جوہرٹاؤن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شادیوال وسمسانی گاؤں میں سے مویشیوں کا انخلاء مہنگا پڑگیا، شادیوال میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا،ریگولیشن عملے کے ساتھ مویشی مالکان نےدھکم پیل اور ہاتھاپائی کی، مویشی مالکان نےآتشیں اسلحہ نکال لیا اور عملے کو ہراساں کیا۔
میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن ون نے کمشنرلاہور و ایڈمنسٹریٹر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا،پولیس کی نفری کی موجودگی میں مویشی مالکان نے آپریشن میں بھرپور مزاحمت کی،ذوالفقار کھوکھر وغیرہ نے اسلحہ کے زور پر مویشیوں کو تحویل میں نہیں لینے دیا،ایم اوریگولیشن زبیروٹو کا کہناتھا کہ ذوالفقار کھوکھر وغیرہ نے ہوائی فائرنگ کی اور عملہ کو ہراساں کیا۔
ایم او ریگولیشن کا مزید کہناتھا کہ عملے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں،ہوائی فائرنگ سے پولیس بھی ایم سی ایل عملے کو موقع پر چھوڑغائب ہوگئی، بلدیہ ٹیم نے آپریشن معطل کرکے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کو آگاہ کردیا۔