عدنان شاہ ٹیپو پیسا ایوارڈ کی انتظامیہ پر برس پڑے

9 Feb, 2020 | 12:09 PM

Sughra Afzal

 (زین مدنی) اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے بھی دبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈ کی انتظامیہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

انہو ں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈ کی انتظامیہ باڈی بیٹ نے فنکاروں کے ساتھ غلط بیانی سے کام لیا، میں نے اپنی مصروفیات کو ترک کیا کیونکہ انتظامیہ نے مجھے نامزد کیا تھا لیکن آخر وقت میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔پاکستان انٹرنیشنل سکرین ایوارڈ میں اداکارعدنان شاہ کو مزاحیہ ڈرامے سنو چندا میں مزاحیہ اداکاری کے باعث نامزد کیا تھا۔

عدنان شاہ نے ایوارڈ انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیسا ایوارڈ کی انتظامیہ نے فنکاروں کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا ہے اس سے مایوسی ہوئی ہے، جب آپ کسی سے کئے وعدے کی پاسداری نہیں کرسکتے تو وعدہ کرتے کیوں ہیں؟ صرف میں ہی نہیں دیگر اداکار جن میں حنا دلپذیر ، نبیل ظفر ، علی سفینہ سمیت کئی ایسے اداکار ہیں جن کے ساتھ وعدہ خلافی کی گئی اگر آپ ہمیں نامزد نہ کرتے تو کوئی ایسی بات نہیں تھی لیکن انتظامیہ کی جانب سے وعدہ کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی، جن لوگوں کو ایوارڈ کیلئے نامزد نہیں کیا گیا تھا ان کو لے کر گئے اور جن کا نام نامزد کیا گیا تھا انہیں آخری وقت میں نہیں بلایا گیا۔

دوسری جانب اداکار عثمان خالد بٹ، بشریٰ بشیر اور علی سفینہ نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے پیسا انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزیدخبریں