(وسیم احمد)انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو،کبڈی ورلڈ کپ کا میلہ آج سے لاہور میں سجے گا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور کبڈی کبڈی کی صدائیں قریب آگئیں، پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی میں اپنا رنگ جمانے کیلئے تمام غیر ملکی ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں۔
پنجاب کی دھرتی کے روایتی کھیل سرکل کبڈی کا چھٹا ورلڈ کپ آج سے پنجاب سٹیڈیم میں شروع ہوگا، ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہوگئی، شائقین اپنی مٹی سے جڑے کھیل کی جنرل انکلوژر کی ٹکٹ 200 اور وی آئی پی انکلوژر کی 400 روپے میں حاصل کرسکیں گے۔
ایونٹ کے دوسرے میچ میں ایران سیرا لیون کی ٹیموں میں مقابلہ ہوگا، میگا ایونٹ میں پاکستان سمیت دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور تمام کی تمام ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں، لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور گجرات میں بھی ٹورنامنٹ کے میچز شیڈول ہیں، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور پوزیشن میچز 15 فروری جبکہ فائنل 16 فروری کو لاہور میں ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے کبڈی میچ کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کبڈی میچ کی سکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کئے جائیں گے، پولیس کے مطابق کبڈی میچ کی سکیورٹی پر 8 ایس پیز،31ڈی ایس پیز،76انسپکٹرز اور367اَپر سب آرڈینیٹس فرائض سر انجام دیں گے، میچ سے پہلے سٹیڈیم کے گرد سرچ آپریشن کر کے علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے مکمل رابطے میں ہیں، کبڈی ٹیموں کی قیام گاہ اورپنجاب سٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کی طرح ورلڈ کبڈی ٹورنامنٹ میں بھی غیر ملکی ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔
دوسری جانب 9 سے 16 فروری تک لاہور میں منعقد ہونے والے کبڈی میچ کے پیشِ نظر پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں 10 بستروں کاعارضی ہسپتال قائم کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر جناح ہسپتال، سروسز اور جنرل ہسپتال کو ٹیموں کے وزٹ کے دوران ہائی الرٹ کر دیا گیا، بنائے گئے عارضی ہسپتال میں ہر وقت ڈاکٹر، نرسیں اور دیگر سٹاف کی موجودگی اور ادویات کو یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کبڈی ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی کردی ہے، رونمائی تقریب میں لوک فنکار عارف لوہار کی جگنی پر بھارتی اور تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوب بھنگڑے ڈالے،ورنر نے روایتی کھیل کبڈی کے میگا ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد کو سنگ میل قرار دیا.