( سالک نواز ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ایک بار پھر پی اے سی چیئرمین شپ کے خلاف پھٹ پڑے، انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی تعیناتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں، 40 لوگوں کا کیس گرفتاری کیلئے تیار ہے، گاجریں کھائی ہیں تو پھکی ضرور ملے گی۔
ریلوے ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ایک بار پھر اپنی حکومت کے فیصلے پر خوب گرجے، ان کا کہنا ہے چور کو چوکیدار کی سیٹ پر بٹھانا عمران خان کے شایان شان نہیں ہے، لوگ یہ سننے کو تیار نہیں کہ پی ٹی آئی سربراہ نے چور کو تعینات کیا۔
شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیماری کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اتفاق فاؤنڈی کے ہسپتال میں ہوتے تو ٹھیک ہوجاتے، قطری سے پتھری تک دونوں خاندانوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ جلد ہی لاہور ریلوے اسٹیشن کے تزین و آرائش کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا شاہد خاقان عباسی سے متعلق کہنا تھا کہ نیب نے انہیں بلایا لیکن وہ ملک سے فرار ہیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے صلح ہوگئی ہے، اگر وہ کچھ کہتے ہیں تو میں بھی جواب دوں گا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف ہیلی کاپٹر پر بھی جا کر چیکنگ کرنا پڑی تو کریں گے۔
30 مارچ کو لاہور سے کراچی کیلئے پہلی وی وی آئی پی ٹرین چلانے کا بھی اعلان کیا۔