عرفان ملک: وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتظامی کمیٹی برائے تعمیل احکامات و تدارک پر برہمی کا اظہار، انتظامی کمیٹی سے زیر التوا تمام ایسے کیسز کی رپورٹ طلب کر لی جس میں وزیر اعلیٰ نے خود نوٹس لیا یا سی ایم آئی ٹی کے ذریعے شکایات کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سیکرٹریز انتظامی کمیٹی سے تمام زیر التوا کیسوں کی رپورٹ طلب کی ہے۔ انتظامی کمیٹی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس سے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ایسے تمام کیسز کی رپورٹ طلب کی گئی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے یا تو ذاتی حیثیت سے ایکشن کا حکم دیا یا کمپلینٹ سیل کی طرف سے مختلف ایڈمنسٹریٹرز کو بھجوائی گئیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے باالخصوص پنشنرز کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔ جس میں اکثر پنشنرز کو پنشن نہیں ملی یا ملی بھی تو اس پر انکے تحفظات موجود تھے۔ کمیٹی سے مالی بے ضابطگیوں، کرپشن ، اختیارات سے تجاوز کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر پبلک کی کمپلینٹس کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ آئی جی آفس نے تمام آر پی اوز کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ وہ جلد از جلد رپورٹ مکمل کر کے بھجوائیں۔