ویب ڈیسک : پرینیتی چوپڑا نے یہ انکشاف کر کے سب کو حیران کردیا کہ راگھو چڈھا سے پہلی ملاقات کے بعد اداکارہ نے ان کی معلومات کے لیے گوگل سرچ کی مدد لی تھی۔
شوبز انڈسٹری میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پرینیتی کی محبت کے قصوں کے چرچے رہے لیکن انہوں نے کبھی بھی اپنے کسی عشق کی کھل کر وضاحت نہیں کی پر 2023 میں پرینیتی کی زندگی کی محبت کی کہانی تب سامنے آئی جب اداکارہ کو سب نے دلہن بنے دیکھا۔ جوڑے نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات لندن میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوئی تھی۔پرینیتی نے اس لمحے کو مزاحیہ انداز میں اور پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بیان کیا اور کہا کہ 'میں وہاں انٹرٹینمنٹ میں آؤٹ اسٹینڈنگ اچیور ایوارڈ لینے گئی تھی اور وہ (راگھو) سیاست اور گورننس میں ایوارڈ لینے آئے تھے'۔اداکارہ نے مزید کہا کہ 'میں راگھو کو نہیں جانتی تھی، میرے بھائی ان کے بڑے مداح تھے، میرے بھائی شیوانگ نے مجھے ان سے ملنے کو کہا، جس پر میں نے منتظمین سے کہا کہ میں راگھو سے ملاقات کرنا چاہتی ہوں'۔
پرینیتی نے بتایا کہ 'راگھو میرے پیچھے بیٹھے تھے، میں ان کے پاس گئی اور کہا کہ ہیلو، میں پرینیتی ہوں، میرے بھائی آپ کے بڑے پرستار ہیں جس پر راگھو نے جواب دیا بہت خوب، ہم ضرور ملیں گے، میں نے کہا کہ 'یقیناً ہم ممبئی میں ملیں گے تو راگھو نے کہا کہ کیوں! کل کیوں نہ ملیں جس پر میں حیران رہ گئی تو راگھو نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ نیک کام میں دیر کیسی'۔پرینیتی نے مزید کہا کہ 'میں راضی ہوگئی، اگلی صبح میں اپنے تین منیجرز کے ساتھ گئی تھی اور وہ بھی منتظمین کے ساتھ آئے تھے،تقریباً 10 سے 12 لوگ میز پر تھے، یہ کوئی ڈیٹ نہیں تھی بلکہ وہاں ایک پوری پلاٹون موجود تھی'۔
پرینیتی کے مطابق میں نے اپنے آپ سے کہا کہ 'آخر ہو کیا رہا ہے اور پھر وہاں سے ایک فلمی کہانی کا آغاز ہوا، ہم دونوں نے پوری دنیا کے بارے میں بات کی، میں نے انہیں بتایا کہ میں مراقبہ اور اسکوبا ڈائیونگ کرتی ہوں، ایک گھنٹے بعد اچانک راگھو نے کہا کہ انہیں بھوک لگ رہی ہے اور وہ کھڑے ہوگئے اور پلیٹ بھر کر کھانا لے آئے، میں سوچتی تھی عموماً لوگ پہلی ملاقات میں ہچکچاتے ہیں اور بے تکلفی کا مظاہرہ نہیں کرتے، اس وقت میں نے اپنے آپ سے کہا کہ یار یہ میرے لیے صحیح شخص ہے'۔پھر پرینیتی کے لیے فیصلہ کن مرحلہ آیا، اور یہیں سے وہ فلمی لمحہ شروع ہوا، وہ کھانے کی پلیٹ لے کر آئے اور کھانا شروع کر دیا، میں صرف انہیں دیکھ رہی تھی کہ اچانک میرے دماغ میں آیا اور میں نے اپنے آپ سے کہا کہ میں اس آدمی سے شادی کرنے والی ہوں۔
تاہم کہانی میں ایک اہم موڑ یہ تھا کہ پرینیتی اس وقت تک راگھو کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھیں، اداکارہ نے بتایا کہ وہ دیکھنے میں خوبصورت لگ رہا تھا، ہماری کھانے کی دلچسپیاں ملتی تھیں، جیسے ہی میٹنگ ختم ہوئی، میں اپنے کمرے میں اوپر پہنچی اور گوگل کرنا شروع کردیا کہ راگھو چڈھا کون ہے؟ کیا راگھو چڈھا شادی شدہ ہے؟ سب سے اہم سوال کہ راگھو چڈھا کی عمر کیا ہے؟ جس کے سب درست جواب ملے۔
پرینیتی نے مزید کہا کہ مجھے گوگل سے یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ راجیہ سبھا کے رکن ہیں، میں نے ان کے بارے میں گوگل پر کافی سرچ کیا اور پھر میں نے اپنے آپ سے پنجابی میں کہا کہ 'بیاہ تو میں ان نال ہی کراں گی'۔
انہوں نے کہا کہ میں قسم کھاتی ہوں اس پہلی ملاقات میں پانچ منٹ کے اندر اندر میں جان گئی کہ میں اس شخص سے شادی کرنے جا رہی ہوں۔ مجھے یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ اس کی شادی ہوئی ہے، بچے ہیں، اس کی عمر کتنی ہے؟اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ شخص میرے سامنے ناشتہ کررہا تھا اور میرے اندر یہ آواز آرہی تھی کہ یہ وہی شخص ہے جس سے میں شادی کرنے والی ہوں۔