ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی چھٹی کانووکیشن؛ سٹوڈنٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی چھٹی کانووکیشن؛ سٹوڈنٹس میں اسناد تقسیم کی گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (لاہور) کے چھٹے کانووکیشن میں انڈر گریجوئیٹ اور پوسٹ گریجوئیٹ طلباء و طالبات سے حلف لیا گیا، کانووکیشن میں کل 327 طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ 

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (لاہور) کے چھٹےکانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیرِ صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق صاحب نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔ اس کے علاوہ کانووکیشن میں پروفیسر مسعود صادق،پروفیسر اصغر نقی ، سنڈیکیٹ ممبر فرخ علی شاہ ، پروفیسر منزہ اقبال، پروفیسر شمسہ ہمایوں، پروفیسر شیریں خاور،ڈاکٹر منیرہ احمدسمیت   پبلک پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان ،وائس چانسلرز، پرنسپلز، پروفیسرز اور AFJOG کے ممبران شریک ہوئے۔

وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل  نے فیکلٹی کے ہمراہ تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ 

کانووکیشن میں پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے انڈر گریجوئیٹ طالبات سے حلف لیا اور رجسٹرار پروفیسر محمد ندیم نے پوسٹ گریجوئیٹ طلباء و طالبات سے حلف لیا۔ 

کنووکیشن میں کل 327طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں جس میں 299 انڈرگریجویٹ طالبات اور 28پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات شامل تھے۔ڈاکٹر بریرہ سہیل نے سیشن 2017-2022 کی بیسٹ گریجویٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ 

خطبہ استقبالیہ میں وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور تمام معزز مہمانوں کو تشریف آوری پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی 76 سالہ شاندار تاریخ اور خدمات پر روشنی ڈالی، آج کے دن کی مناسبت سے اُن کا کہنا تھا کہ اصل مبارکباد کے مستحق آپ کے والدین ہیں جن کی محنت شاقہ اور دعاؤں کی وجہ سے آج آپ کو یہ دن دیکھنا نصیب ہوا۔ طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ والدین، اساتذہ اور مریضوں کی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا لیں، یہ آپ کے لیے دنیا اور آخرت میں کامیابی کا سبب بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے وزیر صحت پنجاب محترم خواجہ سلمان رفیق سے نئے آڈیٹوریم کی تعمیر کی درخواست بھی کی۔ 

کانووکیشن میں ڈاکٹر بریرہ سہیل، ڈاکٹر سکینہ بتول، ڈاکٹر بریرہ مظفر، ڈاکٹر سارہ عدنان بختیار، ڈاکٹرگلنور عقیل ڈار، ڈاکٹررباب فاطمہ، ڈاکٹرسمن شہزاد، ڈاکٹرکنیز فاطمہ، ڈاکٹرعائشہ سعید، ڈاکٹرمصباح مسعود، ڈاکٹر اشمل عدیل چوہدری اور ڈاکٹرعائش عبدالصمد کو بہترین  کارگردگی پر  گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیرِ صحت پنجاب محترم خواجہ سلمان رفیق اور پروفیسر محمود ایازکو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کا شکریہ ادا کیا، کہا کہ پروفیسرخالد مسعود گوندل کی ہیلتھ ایجوکیشن کے فروغ میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں۔

 وزیر صحت نے کامیاب ہونے والے تمام فریش گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی، کہا کہ تمام گریجویٹس اس ملک کا اہم اثاثہ اور مستقبل ہیں۔ آپ کی کامیابی اس ملک کی اور انسانیت کی کامیابی ہے ۔

صوبائی وزیر صحت نے تمام گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے ساتھ عزت و احترام اور صبر و تحمل سے پیش آئیں، مریضوں اور اُنکے لواحقین کی کاؤنسلنگ کریں کیونکہ  ایک اچھا ڈاکٹر ہونے کے لئے ایک اچھا انسان ہونا بھی انتہائی ضروری ہے ۔ ہم وقت کے ساتھ ساتھ حالات میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔ اگر ہم ایمانداری سے کام کریں تو ہم عظیم تر پاکستان بنانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ اُنہوں نے گریجویٹس کو نصیحت کی کہ اپنے ملک کی تاریخ کو لازمی پڑھیں اور اس کو سمجھیں۔ کوئی بھی طاقتور نہیں ہوتا، بس اپنا اندر مضبوط ہونا چاہیے۔

پروفیسر محمود ایاز نے پروفیسر خالد مسعود گوندل کا مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اُن کا کہنا تھاکہ آج کا دن ایک یادگار دن ہے اور آپ سب کو آج کے دن بہت بہت مبارک باد ۔ آج کے دن کی مناسبت سے اانہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر بحیثیت مسیحا لوگوں کی زندگیوں میں امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔ہمیشہ اپنے والدین کی فرمانبرداری کریں اور جدید علم کے متلاشی رہیں۔ اپنے پیشے میں کمال حاصل کریں۔ غریب اور نادار مریضوں کی مدد کریں۔ ربِّ کائنات فرماتا ہے کہ میرا شکر ادا کرو لہٰذا ہمیشہ اپنے رب کا شکر گزار بندہ بن کر رہیں۔

اس موقع پر ڈینز پروفیسر عائشہ ملک، پروفیسر بلقیس شبیر، پروفیسر عالیہ زاہد، پروفیسر نوید اکبر ہوتیانا، پروفیسر شمیلہ اعجاز منیر، ڈیپارٹمنٹس کے ہیڈز، یونیورسٹی فیکلٹی اور پروفیسرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔