ویب ڈیسک : وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف اپنے دورہ چین کے پہلے روز ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی پہنچ گئیں، جہاں ان کی ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی کے صدر ڈاکٹر لیو فولیانگ سے ملاقات ہوئی ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی موجودگی میں ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی سے ایم او یو پر دستخط ہوئے، انہیں ”ہائی جیا“ میڈیکل ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام کینسرکے علاج کے لئے درکار مشینری کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ مریم نواز نے کینسر کے علاج کے لئے چین میں رائج طریق کار کا جائزہ لیا، اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے پاکستان کے پہلے پبلک سیکٹر نواز شریف ہسپتال کے پراجیکٹ کے بارے میں آگاہ کیا ۔
مریم نواز نے چینی ماہرین کی معاونت سے نواز شریف کینسر ہسپتال میں جدید آلات اور طریقہ علاج کے عزم کا اظہار کیا۔ ”ہائی جیا“میڈیکل ٹیکنالوجی کے حکام کی جانب سے نواز شریف کینسر ہسپتال کے لئے پروفیشنل معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں ہیلتھ سسٹم کو ٹیکنالوجی بیسڈ سسٹم بنانے کے عزم کا اظہار کیا، ساتھ ہی پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور آپریشنز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی۔ انہوں نے پنجاب اور چینی اداروں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، کہا کہ پنجاب میں ہیلتھ سسٹم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیشنٹ فرینڈلی اور موثر بنانے چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازنے شی جی تان ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ سیکرٹری ژودیاژن نے تفصیلی بریفنگ دی، ساتھ ہی جدید طریقہ علاج،تحقیق اور پیشنٹ کیئر سسٹم کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ ڈاکٹر لیوفورلیانگ نے میڈیکل ٹیکنالوجی کے جدید ترین رجحانات اور ٹیکنالوجی سے آگاہ کیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بیجنگ میڈیکل انشورنس بجٹ مینجمنٹ،میڈیکل انشورنس گلوبل انڈیکس کنٹرول سسٹم پر بریف کیا گیا، اس کے علاوہ ایمپلائی میڈیکل انشورنس اور ریزیڈنٹ میڈیکل انشورنس کے سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ مریم نواز نے شی جی تان ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، انہوں نے چین کے جدید ترین ہیلتھ سسٹم کا بھی مشاہدہ کیا ۔ مریم نوازشریف کو ٹیکنالوجی بیسڈ ہیلتھ سسٹم کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور سٹاف سے بات چیت کی، اور چینی ہیلتھ سسٹم میں دلچسپی اظہار کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب اور سی جی تان ہسپتال کے درمیان تعاون اور شراکت داری کا خیرمقدم کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بیجنگ میں میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں بیجنگ ٹرانسپورٹ کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شانگ وانگ یو نے تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز شریف نے بیجنگ ٹرانسپورٹ سسٹم کے سٹیٹ آف آرٹ مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے ٹیکنالوجی کے اختراعی استعمال سے بیجنگ کے گرین اورسمارٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں میٹرو ٹرین نیٹ ورک کو بڑھائیں گے،پنجاب کے بڑے شہروں میں ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ ٹرانسپورٹ سسٹم کے مشاہدے سے مستقبل میں پنجاب کی ٹرانسپورٹ پالیسی بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کا جدید ترین نظام لانا چاہتے ہیں، ٹریفک میں کمی کیلئے مربوط ٹرانسپورٹ سسٹم ناگزیر ہے، لاہور میں اورنج لائن میٹر وبس پاک چین دوستی کا چلتا پھرتا ثبوت ہے، لاہور،ملتا ن، اسلام آباداورراولپنڈی میں میٹر وبس سسٹم کیلئے چینی تعاون ناقابل فراموش ہے۔