سٹی42: کینبرا میں آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ میچ میں لیگ سپنر ابرار احمد کے پاؤں میں تکلیف ک کے سبب ان فٹ ہو جانے کے بعد یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ کیا پاکستان کرکٹ بورڈ کی سیلیکشن کمیٹی نے ان فٹ باؤلر کو آسٹریلیا ٹیم میں شامل کیا تھا۔
ابرار احمد کے 14 دسمبر سے پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا امکان نہیں ہے، اب بورڈ نے آف بریک باؤلر ساجد خان کو آسٹریلیا روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ابرار احمد کی پاؤں کی تکلیف ک سامنے آنے کے بعد اب پتہ چل رہا ہے کہ اس لیگ بریک گگلی باؤلر کو پاؤں میں تکلیف کی پرانی شکایت ہے، راولپنڈی میں آسڑیلیا روانگی سے قبل لگنے والے کیمپ میں بھی ابرار احمد پاؤں میں تکلیف کی شکایت کر چکے ہیں۔
ابرار احمد نے اس سال قائد اعظم ٹرافی میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں کراچی وائٹس کیلئے صرف ایک میچ کھیلا جہاں 53.1 اوورز میں انھوں نے 175 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں تھی۔25 سالہ ابرار احمد نےاب تک قومی کرکٹ ٹیم کے لئے چھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور انہوں نے 6 ٹیسٹ میں 31.07 کی اوسط سے 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ابرار احمد اس سال بھارت میں منعقدہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں پی سی بی کے تین ٹریول ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے، کینبرا میں آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے ساتھ میچ کے دوسرے دن ابرار احمد نے 19 اوورز کئے، تیسرے دن وہ صرف آٹھ اوورز کرنے کے بعد پاؤں کی تکلیف کے سبب باہر چلے گئے جس کے بعد سعود شکیل اور امام الحق نے اسپن بولنگ کروائی۔
ٹیم منیجمنٹ کو ابرار احمد کی ایم آر آئی رپورٹ کی تفصیل کا انتظار ہے جس کے بعد ان کے آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے آخر تک رہنے یا فوراً واپس آنےکا فیصلہ ہوگا۔ٹیم کے ساتھ بھیجے گئے فزیو تھراپسٹ کلف ڈکن نے ابرار احمد کے پاؤں کی تکلیف کو معمولی نوعیت کی قرار دیا ہے۔