ملک اشرف :لاہور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کے خلاف مقدمات، انکوائریوں، کی تفصیلات حاصل کرنے کی درخواست 11 دسمبر کو سماعت کے لئے مقرر کردی،جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل 2 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔
تفصیالت کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس کو 11 دسمبر کو سماعت کے لئے مقرر کردیا ، جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 11 دسمبر کو صبح نو بجے کے بعد کیس کی سماعت کرے گا۔وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے وکلاء عدالت میں پیش ہوں گے جبکہ بشری بی بی کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ ایڈوکیٹ پیش ہوں گے۔ نیب ، ایف آئی اے ، انٹی کرپشن اور پولیس کی جانب سے مقدمات کی تفصیل جمع کروائی چا چکی ہے افسران نے 22 جون سے اب تک بشری بی بی کے خلاف مقدمات کی تفصیل جمع کروائی ۔
آئی جی پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق بشری بی بی کے خلاف پنجاب پولیس میں آج تک کوئی مقدمہ درج نہیں ، انٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق بشری بی بی کے خلاف ساہیوال ریجن میں فراڈ سمیت مختلف دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج ہے۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق بشری بی بی کے خلاف آج تک کوئی مقدمہ درج نہیں جبکہ نیب کی رپورٹ کے مطابق بشری بی بی کے خلاف نیب میں القادر ٹریسٹ ، توشی خانہ انویسٹیگیشن کا کیس ہے۔ بشری بی بی نے22 جون سے اب تک کے مقدمات، انکوائریوں، نظر بندی احکامات، نوٹسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کررکھی ہے۔