جبری شادیوں پر بلاول بھٹو کا اہم بیان

9 Dec, 2022 | 07:24 PM

ویب ڈیسک : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جبری شادیوں اور مذہب کی تبدیلی سے متعلق قانون سازی کرنے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی ضرور کامیاب ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ و چیئرمیں پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلی سندھ نے جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کمیٹی کے قیام سے آگاہی دی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کم عمری میں شادی کے خلاف قانون سازی کے حوالے سے سندھ پہلے ہی برتری رکھتا ہے اور مجھے امید ہے کہ جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی سے متعلق کاوشیں بھی کامیاب ہوں گی۔

  چیئرمیں پیپلز پارٹی سے گفتگو سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت جبری مذہب کی تبدیلی کے قانون سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر قانون، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جبری مذہب کی تبدیلی کی روک تھام کیلئے سندھ حکومت ضروری اقدامات کررہی ہے اور سندھ حکومت اقلیتوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو جبری مذہب کی تبدیلی کے قانون پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر غور و فکر کرکے اتفاق رائے پیدا کرے گی کیوں کہ اقلیتوں کے تحفظ کیلئے جبری مذہب کے تبدیلی کا قانون بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔

مزیدخبریں