ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کی حکومت نے سگریٹ پینے پر دنیا کی سخت ترین پابندیاں لگا نے کا اعلان کردیا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نئے منصوبے کے تحت نوجوان اپنی پوری زندگی سگریٹ نہیں خرید سکیں گے۔ ایسے نوجوان جو 2008 کے بعد پیدا ہوئے ہیں ان پر ہمیشہ کے لیے سگریٹ خریدنے پر پابندی ہوگی۔ نئی پابندیوں کے تحت سگریٹ بیچنے والی دکانیں بھی کم کر دی جائیں گی اور اشیاء میں نیکوٹین کی مقدار بھی کم کردی جائے گی۔ نئے قوانین اگلے سال میں پارلیمنٹ سے منظور کروا لیے جائیں گے۔ یہ تمام پابندیاں مرحلہ وار لاگو کی جائیں گی۔
حکومت کے مطابق نیوزی لینڈ میں ہر سال 5000 افراد سگریٹ نوشی کی وجہ سے لگنے والی بیماریوں سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ پانچ میں چار افراد سگریٹ نوشی 18 سال کی عمر تک پہنچنے سے پہلے شروع کردیتے ہیں ۔