ویب ڈیسک : محکمہ صحت سندھ کے مطابق اومی کرون کا کیس کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں رپورٹ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پھیلا کورونا کا خطرناک ویرینٹ اومی کرون کا پہلا کیس پاکستان میں بھی رپورٹ ہو گیا، محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون بیرون ملک سے آئی ہیں اور کورونا پازیٹو ہیں۔ حکام محکمہ صحت سندھ کے مطابق نجی ہسپتال سے متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے، خاتون کی کانٹیکٹ ٹریسنگ کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ میں کورونا کے باعث سخت ترین پابندیاں عائد کردیں، کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کیسز میں اضافے پر پلان بی کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اومی کرون کیسز کی تعداد سامنے آنے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔پرانی پابندیاں پھر نافذ کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان کے پاس “پلان بی” پر جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، ویکسین بوسٹر پروگرام بھی شروع ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سوموار سے جن ورکرز کے لیے گھر سے کام کرنا ممکن ہے وہ گھر سے ہی کام کریں۔ جمعے سے بیشتر عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔تھیٹر اور سینما میں بھی ماسک کا استعمال کیا جائے گا۔ پابندیوں کے مطابق آئندہ ہفتہ سے نائٹ کلب اور رش والے مقامات پر جانے کیلئے کوویڈ پاس دکھانا لازمی ہوگا۔
کورونا کے باعث لگائے گئے طویل لاک ڈاون کی بحالی کے بعد پھر سے نئی اور سخت پابندیوں کو کیفے، ریسٹورنٹس اور دکانوں کے لیے دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ جو کرسمس پر کاروبار کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے پر امید تھے۔