(بسام سلطان) جناح ہسپتال کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہراعجاز کہتے ہیں کہ 150 کروڑ کی لاگت سے ہسپتال میں آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی، ریڈیالوجی سمیت دیگر سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
گوہراعجاز فاؤنڈیشن نے جناح ہسپتال میں ہسپتال انفارمیشن منیجمنٹ سسٹم کے قیام کا اعلان کردیا، گوہر اعجاز فائونڈیشن، پی آئی ٹی بی اور جناح ہسپتال کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے، ایم او یو کے تحت ہسپتال میں ہر سال آنے والے 25 لاکھ سے زائد مریضوں کی میڈیکل ہسٹری، تشخیصی ٹیسٹ اور دیگر ڈیٹا کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔
مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ ہیومن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم 16 کروڑ کی لاگت سے ایک سال کے عرصہ میں مکمل فعال کر دیا جائے گا، روزانہ ہزاروں افراد اس سے مستفید ہوں گے، مریض کی مکمل میڈیکل ہسٹری ایک کلک کی دوری پر ہوگی، منصوبے کے تمام اخراجات گوہر اعجاز فائونڈیشن برداشت کرے گی۔
مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز، ڈی جی پی آئی ٹی بی فیصل یوسف، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل، ایم ایس ڈاکٹر یحییٰ سلطان، پروفیسر زبیر اکرم، پروفیسر معظم تارڑ اور دیگر موجود تھے۔
16کروڑ کی لاگت سے ایک سال میں جناح ہسپتال میں ہیومن انفارمیشن سسٹم کو مکمل فعال کر دیا جائے گا، گوہر اعجاز فائونڈیشن کی جانب سے تمام اخراجات برداشت کرنے کا علاج یقیناَ مخیر حضرات کی جانب سے احسن اقدام ہے۔