سٹی 42 :انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب انعام غنی نے پولیس میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام پولیس افسران اور ملازمین کو ماسک وردی کا حصہ بنانے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفئیر کی طرف سے پولیس افسران کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں آئی جی پنجاب نے پولیس ڈپارٹمنٹ میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔مراسلے میں پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوران ڈیوٹی ماسک کو یونیفارم کا حصہ بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ پولیس کے ہر دفتر میں ماسک کا انتظام یقینی بنایا جائے جب کہ ماسک اور سینیٹائزر کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے ملک میں کورونا وائرس سے ایک روز میں مزید 60 افراد جاں بحق اور 2963 کیسز سامنے آ گئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ ( covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33610 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2963 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 60 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8547 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 26142 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 45324 ہے۔اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1797 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 372271 ہو گئی ہے۔