اینٹی کرپشن کے عالمی دن پر بھی سائلین اینٹی کرپشن کے دفاتر میں دربدر

9 Dec, 2019 | 08:11 PM

Shazia Bashir

رضوان نقوی: اینٹی کرپشن کے عالمی دن پر بھی سائلین اینٹی کرپشن کے دفاتر میں دربدر، سائلین کہتے ہیں کہ فائلیں کئی کئی سال سرد خانے میں پڑی رہتی ہیں، اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسران بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے بااثر کرپٹ افراد سے تعلقات بنالیتے ہیں۔

 نو دسمبر کا دن دنیا بھر میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے اینٹی کرپشن ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے، اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹر اور لاہورریجن میں انسداد رشوت ستانی کے عالمی دن کی مناسبت سے کوئی تقریب منعقد نہیں کی گئی، اینٹی کرپشن کے عالمی دن پر بھی اینٹی کرپشن میں انصاف کیلئے آنے والے سائلین خوار ہوتے رہے۔

گزشتہ کئی ماہ سے انصاف کیلئے دربدر ہونے والے سائلین اینٹی کرپشن کے خلاف پھٹ پڑے، جعلسازی کے ذریعے جائیدادوں سے محروم کرنے والے پٹواریوں کے خلاف داد رسی کیلئے دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین اینٹی کرپشن سے انصاف نہ ملنے کی دہائی دیتے رہے۔

سائلین کا کہنا تھا کہ انہیں تاریخ پر بلا کر واپس بھیج دیا جاتا ہے لیکن بااثر ملزمان کے خلاف عدم پیشی کے باوجود کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی، سائلین نے مطالبہ کیا کہ انکوائریاں مکمل کرنے کیلئے تفتیشی افسران کو ٹائم فریم کا پابند بنایا جائے۔

مزیدخبریں