’’حکومت کا ہنی مون پیریڈ گزرگیا، اب کچھ کر کے دکھانا ہوگا‘‘

9 Dec, 2018 | 12:38 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ  حکومت کے ہنی مون کے دن گزر گئے ہیں ، اب  اسے کچھ کر کے دکھانا ہوگا، حکومت بتائے چار ماہ میں مدینہ کی ریاست کی طرف کون سا قدم اٹھایا۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں سینیٹر سراج الحق نے عمران حکومت پر خوب  تنقید  کی۔ کہتے ہیں کہ حکومت کے ہنی مون کے دن گزر گئے ہیں، اب انہیں کچھ کر کے دکھانا ہوگا، مختلف سیاسی جماعتوں نے خوشحالی اور تبدیلی کا نعرہ لگا کرعوام سے ووٹ لیے، پی ٹی آئی حکومت آنے سے مہنگائی کا طوفان آگیا۔ دوسری طرف کراچی میں تجاوزات ہٹانے کے نام پر لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وعدوں سے پھرنا اور یوٹرن لینا تحریک انصاف کا فلسفہ ہے، حکمرانوں کی نیت ٹھیک ہو تو وعدے بھی پورے ہوتے ہیں، حکمران اور وزراء اپنے کردار کو ٹھیک کرلیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ کیا، مگرعمل نہیں کیا، موجودہ حکومت کے اعلانات صرف اعلان تک محدود ہیں، وزرا ء آپس میں لڑرہے ہیں ایک دوسرے کیخلاف بیان دے رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء کے بیان صبح کچھ اور شام کو کچھ اور ہوتے ہیں،  حکومت نعرے لگانے کی بجائے عملی کام کرکے دکھائے۔ ہمارا حکومت کی مخالفت کرنے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے، ہم نے ابھی  تحریک چلانے کا فیصلہ نہیں کیا بہتر ہو گا  حکومت عوام کی ترجمانی کرے ان کے مسائل کی طرف توجہ دے۔

مزیدخبریں