اسرار خان : شہر لاہور میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتیں کم نہ ہو سکیں، رواں سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران 807 موٹر سائیکلیں اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئیں، جبکہ 7 ماہ کے دوران مختلف علاقوں سے 10 ہزار 778 موٹر سائیکلیں چور لے اڑے ۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں صدر ڈویژن 196 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کی 166 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، سٹی ڈویژن موٹر سائیکل چھیننے کے 138 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ کینٹ ڈویژن سے 129، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 120 موٹر سائیکلیں گن پوائنٹ پر چھینی گئیں، سول لائنز ڈویژن میں 7 ماہ کے دوران موٹر سائیکل چھیننے کے 58 مقدمات درج ہوئے۔
پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں سٹی ڈویژن 2130 مقدمات کے ساتھ سر فہرست رہا، کینٹ ڈویژن موٹر سائیکل چوری کی 2070 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، ماڈل ٹاؤن ڈویژن موٹر سائیکل چوری کے 1962 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ۔ اس کے علاوہ صدر ڈویژن سے 1780، اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 1576 موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، سول لائنز ڈویژن میں 7 ماہ کے دوران موٹر سائیکل چوری کے 1260 مقدمات درج کئے گئے ۔