عظمت مجید: بارشوں کے بعد شہر لاہور میں ڈینگی کے خطرات پھر بڑھنے لگے، ڈینگی لاروا کی افزائش میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے 2 ہزار 978 مقامات سے لاروا تلف ہوا ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ ایک نیا مریض بھی رپورٹ ہوا ہے جبکہ 5 مریض شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ایوی سینا ، ڈاکٹر ہسپتال ،اتفاق ہسپتال ،سرجیمیڈ ہسپتال میں ایک ایک مریض زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں بھی ڈینگی لاورا کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر کے 4 ہزار 829 مختلف مقامات سے ڈینگی لاورا برآمد جبکہ رواں سال سے اب تک ڈینگی کے 95 کیسز رپورٹ ہوئے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے کہ مکمل بازو والی قمیض پہنیں اور پتلون استعمال کریں جو پوری ٹانگ کو ڈھانپیں جبکہ اپنے کپڑوں پر مچھر سے بچانے والے سپرے کو چھڑکیں۔ اگر آپ کے علاقے میں مچھر بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں تو مچھر دانی کا استعمال لازمی کریں۔ اپنے گھروں، برتنوں ، ٹوٹے ہوئے ٹائروں ، گلدانوں یا ٹوٹی ہوئی بوتلوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں جبکہ ڈینگی بخار کی ویکسین ضرورلگوائیں۔