ویب ڈیسک : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پاکستانی جیولن تھرو ایتھلیٹ، ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ (Gold Medal) جیتنے پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دی گئی ہے ۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف سونے کا تمغہ جیتا بلکہ اولمپکس کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا. ارشد ندیم نے کوئی بھی فاؤل کئے بغیر دو تھرو 90 میٹر سے زائد فاصلے پر پھینکیں، جو انکی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے. ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا. ارشد ندیم اولپکس ریکارڈ بنا کر پاکستان اور اولمپکس کی تاریخ میں امر ہو گئے. پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے. ارشد ندیم نے محنت اور لگن سے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور پاکستان کا پوری دنیا میں نام روشن کیا. دہائیوں بعد ارشد ندیم وہ پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جن کی شاندار کارکردگی کی بدولت اولمپکس میں سبز ہلالی پرچم کی شان بڑھی۔
انہوں نے کہا کہ اس شاندار کامیابی کا سہرا ارشد ندیم اور اس کے اہل خانہ کی محنت کو جاتا ہے. گزشتہ ملاقات میں ارشد ندیم کو میں نے بلند حوصلہ اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے جذبے سے بھرپور پایا. پوری قوم اس کامیابی پر رب کے حضور سر بسجود ہے. ارشد ندیم کی محنت، لگن اور شاندار کامیابی نوجوان ایتھلیٹس کیلئے ایک قابلِ تقلید مثال ہے. ارشد ندیم کی اولمپکس میں شاندار کامیابی یہ ثابت کرتی ہے کہ مقصد کیلئے سچی لگن ہو تو کامیابی ضرور قدم چومتی ہے.