نگران وزیراعظم کیلئے 3 نام فائنل کرلئے:راجہ ریاض

9 Aug, 2023 | 03:55 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے نگران وزیراعظم کیلیے 3 نام فائنل کر لئے، اب وہ یہ نام وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کر کے انہیں پیش کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر راجا ریاض اپنے تجویز کردہ  نام قاعدہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ڈسکس کریں گے جبکہ وزیراعظم اپنی جانب سے تین نام ان کے سامنے رکھیں گے۔ اس کے بعد دونوں اپنے طور پر ان ناموں  پر غور کریں  گے۔اور پھر ان ناموں میں سے کسی ایک پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگر اپوزیشن لیڈر کو وزیراعظم کا پیش کردہ کوئی نام پسند آ گیا یا وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کے پیش کردہ ناموں میں سے کسی پر اتفاق کر لیا تو اس نام کو نگراں وزیراعظم کے عہدہ پر تقرر کے لئے الیکشن کمشن کو بھیج دیا جائے گا۔ 

اگر اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے بعد 3 دن تک حکومت اور اپوزیشن کسی ایک نام پر اتفاق نہ کرسکیں تو اسپیکر قومی اسمبلی ایک کمیٹی بنائیں گے۔ اس کمیٹی میں 4 نمائندے حکومت کے اور 4 اپوزیشن کے ہوں گے۔ ان کے سامنے دونوں طرف سے 2، 2 نام پیش کیے جائیں گے۔ 3 دن کے اندر اندر یہ کمیٹی کسی ایک نام پر اتفاق کرے گی، جس کسی کو بھی یہ کمیٹی منتخب کرے گی صدرِ پاکستان اسے نگران وزیراعظم مقرر کردیں گے۔

اگر کمیٹی بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچے تو چاروں نام الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان 2 دنوں میں ان چاروں ناموں میں سے ہی کسی ایک نام کو منتخب کرنے کا پابند ہوگا۔ یہ نام سب کو تسلیم کرنا ہوگا اور صدرِ پاکستان اسی شخص کو نگران وزیرِاعظم مقرر کردیں گے۔

یعنی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے بعد 8 دنوں میں ہر صورت نگران وزیراعظم کا انتخاب ہوجائے گا۔

راجا ریاض کا کہنا ہے کہ  نگراں وزیراعظم کیلئےماہر معیشت کا پس منظر رکھنے  والاامیدوار زیادہ موزوں رہے گا۔14 اگست سے پہلے نگران وزیراعظم اپنا حلف لے لیں گے۔ اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات آج متوقع تھی لیکن اب تک ملاقات کا شیڈول طے نہیں ہو سکا۔ 

مزیدخبریں