مانیٹرنگ ڈیسک: بلوچستان اسمبلی نے صوبے کی آبادی کم کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔
بلوچستان اسمبلی نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبے کی آبادی کم کرنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی ہے۔اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ 70 لاکھ آبادی کم کرنا صوبے کے خلاف سازش ہے، اس سے نہ صوبے کی نشستوں میں اضافہ ہوسکے گا اور نہ وسائل کی تقسیم میں صوبے کے حصے میں بہتری آئے گی۔
پاکستان کی کُل آبادی کتنی ہوگئی؟
خیال رہے کہ ملک بھر میں ساتویں خانہ و مردم شماری کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 24 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے ساتویں مردم شماری کے نتائج کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان کی آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے اور ملکی کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار 431 تک پہنچ گئی ہے۔
گزٹ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی آبادی 2.63 فیصد اضافے سے 12 کروڑ 76 لاکھ سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی آبادی 2.38 فیصد اضافے سے 4 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کی آبادی 2.57 فیصد اضافے سے 5 کروڑ 56 لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہے جب کہ بلوچستان کی آبادی 3.20 فیصد اضافے سے 1 کروڑ 48 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔