(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بڑا چیلنج دے دیا۔
نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع و پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں، سب ایک ڈرامہ ہے، اتحادی حکومت پھنس گئی ہے، یہ نہ حکومت چھوڑسکتے ہیں نہ چلاسکتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صرف عوام ہی سیاست سے آؤٹ کرسکتے ہیں، جلد انتخابات کیلئے اتحادی حکومت سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل کردے، اگر ایسا ہو تو پی ٹی آئی بھی دونوں صوبوں کی اسمبلیاں توڑنے کو تیار ہے۔
پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ فوج کی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی ناراضگی نہیں ہے، حالات ایسے بنے تھے کہ سب سمجھ رہے تھے کہ عمران خان ختم ہوگیا، میرا خود اب بھی فوج کے ساتھ رابطہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے چیلنج دیا کہ نوازشریف واپس آئیں اور ون ٹو ون عمران خان کے ساتھ مقابلہ کریں۔