(مانیٹرنگ ڈیسک) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر پیغام جاری کیا ۔
صدر مملکت عارف علوی نے یومِ عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن حضرت امام حسینؑ نے ایک ظالم حکمران کی بیت کرنے سے انکار کرتے ہوئے دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہلِ بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش فرمایا'۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور حق و باطل کے اس لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے جب سیدنا امام حسینؑ کی قیادت میں جذبہ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا اور حق کی سربلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی اور یوں اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے تا قیامت عزم و ہمت اور بہادری کا استعارہ بن گئی۔