(عمران یونس)ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یونیورسٹیوں میں ویکسی نیشن کی کم شرح پر اظہار تشویش،یونیورسٹیوں میں ویکسینیشن کے بغیر اساتذہ،عملہ،طلباء اور وزیٹر کے داخلے پر پابندی سمیت سخت فیصلے لینا کا مراسلہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹیوں میں ویکسی نیشن کی کم شرح پر اظہار تشویش کر دیا،ایچ ای سی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یونیورسٹیوں میں ڈیلٹا وائرس کے نئے کیسز کے باعث اساتذہ اور عملہ کی کم ویکسی نیشن پر تشویش ہے،ایچ ای سی کے مطابق یونیورسٹیاں 31 اگست تک تمام اساتذہ،عملہ اور طلباء کی ویکسی نیشن یقینی بنائیں اور 31 اگست کے بعد ویکسی نیشن نہ کرانے والے اساتذہ،عملہ اور طلباء کا داخلہ بند کردیا جائے۔
مراسلہ کے مطابق طلباء کو ویکسی نیشن سے متعلق سہولیات بارے آگاہ کیا جائے،یونیورسٹیاں بوقت ضرورت ویکسی نیشن کیمپوں کا قیام بھی ممکن بنائیں،اساتذہ،عملہ اور طلباء کو صرف ناردرا سرٹیفکیٹ پر یونیورسٹیوں میں داخل ہونے دیا جائے، سنگل ڈوز لگوانے والے اساتذہ،عملہ اور طلباء کا بھی داخلہ بند کیا جائے،ویکسی نیشن کے بغیر سٹاف اور طلباء کو ہاسٹل رہنے کی اجازت بھی مہ دی جائے،وزیٹر،کنٹین سٹاف سمیت کوئی وینڈر بھی ویکسی نیشن کے بغیر یونیورسٹی داخل نہیں ہوگا۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کی وجہ سے مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، شہر میں کورونا مثبت کیسزکی شرح9.2تک پہنچ گئی ہے جبکہ 24گھنٹوں میں کوروناکے565نئےمریض رپورٹ ہوئے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو فوری بند کردینا چاہیے اور اساتذہ سمیت 18 سال سے زائد عمر بچوں کی ویکسی نیشن فی الفور کروائی جانی چاہیے۔
انکا کہنا تھا کہ این سی او سی کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح پر فوری فیصلہ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کو بند کرے تاکہ بچوں کے ساتھ اساتذہ کی زندگیوں کو بھی تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔