پلانٹ ودٹائیگر فورس تنازعہ کی شکار ،مقامی لوگوں نے درجنوں پودے اکھاڑ دئیے

9 Aug, 2020 | 03:45 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42: پلانٹ ودٹائیگر فورس تنازعہ کی شکار ہوگئی ،مقامی لوگوں نے درجنوں پودے اکھاڑ دئیے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر ملک بھر میں شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے جا رہے ہیں۔پاکستان شجر کاری مہم میں گورنر کے پی اور وزیراعلیٰ سمیت تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی پودے لگا رہے ہیں۔کے پی کے ضلع خیبر میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے فوری بعد  شہریوں نے پودے اکھاڑ  پھینکے۔

اسی حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے بھی شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور  علاقہ منڈی کس میں درجنوں پودے لگائے۔شجرکاری مہم کی تقریب کے فوری بعد مقامی افراد نے رکن قومی اسمبلی کی جانب سے لگائے گئے پودے اکھاڑ  پھینکے اور شکایت کی کہ ان کی اراضی پر زبردستی شجر کاری کر دی جاتی ہے۔ایم این اے اقبال آفریدی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ منڈی کس باڑہ کی اراضی مقامی افرادکی ملکیت ہے اور مقامی افراد بلا اجازت شجر کاری مہم پر ناراض تھے لیکن ان سے مذاکرات کی کوششیں کر رہےہیں۔


اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر  محمود اسلم نے بتایا کہ منڈی کس میں شجرکاری مہم سپاہ قبیلہ کی اراضی پر کی گئی تھی، سپاہ قبیلے کی اراضی پر دوفریقین میں تنازع ہے، ایک فریق کے شجرکاری کی اجازت دینے پر دوسرے فریق نے پودے اکھاڑے، قانونی کارروائی کے لیے جائزہ لے رہے ہیں۔وزیراعلی کے پی محمود خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پودے اکھاڑنےکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں