شادی ہالز مالکان نے بکنگ شروع کردی

9 Aug, 2020 | 12:37 PM

Shazia Bashir

مال روڈ (عفیفہ نصر) وفاقی حکومت کی جانب سے شادی ہالز کھولنے کے حوالے سے میرج ہال مالکان پریشانی میں مبتلا ہیں، گو مگو کی کیفیت میں ہالز کی بکنگ کا عمل شروع کر دیا۔ شادی ہال مالکان کا کہنا ہے کہ حکومت نے 16 ستمبر کو شادی ہالز کھولنے کے حوالے سے واضح احکامات نہیں دیے۔

 

جبکہ دیگر شعبوں کی طرح ضروری تھا کہ شادی ہالز کو بھی کھول دیا جاتا۔ دوسری جانب شادی ہالز مالکان نے سولہ ستمبر کو ہالز کھولنے کی امید پر بکنگ کا آغاز کر دیا مگر اس کے باوجود مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت باقائدہ نوٹیفکیشن جاری کرے۔ دوسری جانب شادی ہالز کی تزئین و آرائش اور اسکی مرمت کے حوالے سے مالکان کا کہنا ہے کہ پانچ ماہ سے شادی ہالز بند پڑے ہیں اور ان میں کام کرنے والے ملازمین بھی بے روزگار ہیں۔

  حکومت کو چاہیے کہ ان غریب لوگوں کے گھروں کے چولہے کو مزید ٹھنڈا نہ رہنے دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ریستورانوں کی طرح شادی ہالز کو بھی کھولنے کے حوالے سے واضح احکامات جاری کرے۔

دوسری جانب  پنجاب حکومت کی تھیٹرزاور سینما ہالز کھولنے کی تیاریاں، تھیٹرز اور سینما ہالز کے لیے ایس او پیز تیارکرلیے گئے۔  لاہور سمیت پنجاب بھر میں  76سینما  اور70  تھیٹرز  کے لئے ایس او پیز بنائے گئے ہیں۔سینما اور تھیٹر کے ہالز، گیلری، واش رومز اور کیفے ٹیریا کی صفائی اورجراثیم کش سپرے کو یقینی بنایا جائے گا، دروازوں کے ہینڈلز، سیڑھیاں اور برقی بورڈ بھی ہر شو کے بعد صاف رکھے جائیں گے۔ شائقین کے  بیٹھنے میں ایک میٹر کا فاصلہ رکھوایا جائے گا۔

مزیدخبریں