ارطغرل پاکستانی ڈرامے یا فلم میں کام کرنے کےخواہشمند

9 Aug, 2020 | 11:42 AM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42) اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک سیریز ’ ارطغرل غازی‘کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس ڈرامے کو جتنی پاکستان میں پذیرائی ملی اور کس ملک میں حاصل نہیں ہوئی،گزشتہ روز ڈرامے میں 'ارطغرل غازی' کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار انگین آلتان دوزیاتان نے کہا کہ  پاکستانی ڈرامے یا فلم کی آفر ہوئی تو ضرور کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق  تاریخی ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کے ہیرو کا کردار نبھانے والے معروف ترک اداکار انگین آلتان دوزیاتان نے گزشتہ دنوں ایک میگزین کو  انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق ترکی کے شہر ازمیر سے ہے،26جولائی 1979ء کو پیدا ہوا، تعلیم کے بارے بتاتے ہوئے ترک اداکار کا کہناتھا کہ میں نے  گریجویشن Dokuz Eylul یونی ورسٹی سے فلم اور تھیٹر کے شعبے میں کیا,انگریزی پر عبور حاصل ہے،جب کہ ترکی تو مادری زبان ہے۔

  ترک اداکار انگین آلتان دوزیاتان کا کہناتھا کہ انہوں نے شوبز میں باقاعدہ کیرئیر کا آغاز  2001ء میں کیا تھا، اس کے بعد آگے کی طرف دیکھا تاکہ اپنی اداکاری کے بل بوتے پر اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوا سکوں،سنہ 2005 میں پہلی فلم کی جس کومداحوں نے پسند کیا اس کے بعد سنہ 2006 میں روسی ادیب Leo Tolstoyکے ناول پر مبنی پہلا تھیٹر کیا۔اداکار کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری کے تین شعبوں ٹی وی، فلم اور تھیٹر میں قسمت آزمائی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا۔

انٹرویو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترک اداکار کا کہناتھا کہ پاکستانیوں کی محبت ہے کہ توقع سے بڑھ کر ڈرامے کو پسند کیا، ترکی اور پاکستان برادرانہ ممالک ہیں اور کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پاکستانی عوام کی ذرّہ نوازی ہے، جنہوں نے مجھ پراس قدر محبّت نچھاور کی۔ ہم نے اپنا پورا بچپن، پاکستان کے ساتھ محبّت کے جذبات سے لبریز ہی گزارا یا یوں کہہ لیں کہ ہم اِسی برادرانہ محبّت و چاہت میں پلے بڑھے ہیں۔

میزبان نے سوال کیا کہ اگر پاکستان ڈرامے یا فلم سائن کرنے کاموقع ملے تواس پر کیا ردعمل ہوگا؟ اداکار نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلم یاڈرامے میں کام کرنا میری خوش قسمتی ہوگی،کردار میری خواہش کے مطابق ہوا تو آفر ضرور قبول کرلوں گا۔ پاکستان میرا دل ہے میری جان ہے،جب بھی پاکستان کا ذکر آتا ہے تو میں جذبات میں بہہ جاتا ہوں۔

اداکارانگین آلتان دوزیاتان کا مزید کہناتھا کہ  پاکستان سے اتنی محبّت و چاہت ملے گی، کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ یہ بات میرے لیے بےحد فخر کا باعث ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی مدّاحوں کے جو پیغامات مِل رہے ہیں، مَیں اُن سے آگاہ ہوں اور آپ سب کی محبّت و چاہت پر دِل سے ممنون بھی ہوں۔ان شاء اللہ حالات بہتر ہونے پر جلد پاکستان آؤں گا۔

واضح رہے کہ 'ارطغرل غازی' کے متعدد کردار بھی اس بات کا عتراف کرچکے ہیں کہ پاکستانیوں نے ان کے دل جیت لئے ہیں اور جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

مزیدخبریں