(شاہین عتیق) اینٹی نارکوٹکس کورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ اور دیگر 5 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی، فیصل آباد پولیس نےرانا ثناء اللہ کےداماد شہریار کو احاطہ عدالت سے حراست میں لےلیا۔
رانا ثناء اللہ اور شریک ملزموں کو سخت سکیورٹی میں انسداد منشیات عدالت کے جج مسعود ارشد کے روبرو پیش کیا گیا، نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا چالان مکمل کرلیا ہے، کیمیکل ایگزیمینیشن رپورٹ کا انتظار ہے، کیس کے دیگرملزمان کے وکلاء نے عدالت میں اپنا وکالت نامہ جمع کرادیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کی کردی،24 اگست کو رانا ثناءاللہ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانا متوقع ہے۔
پیشی کے موقع پر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی ہے، پاکستان کو معاشی، سیاسی دیوالیہ پن کا شکار کر دیا گیا، مودی نے کشمیریوں کی آزادی پر شب خون مارا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے رانا ثناء اللہ سے ملاقات کیلئے عدالت آئے ان کے داماد احمد شہریار کو گرفتار کرلیا، شہریار کیخلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج ہے۔