وزیراعظم کا کمرشیل فلائٹ سے سفر مسافروں کیلئے تاخیر کا سبب بن گیا

9 Apr, 2024 | 05:37 PM

سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی عام پرواز سے سفر  کے سبب اس فلائٹ کے مسافروں کو کئی گھنٹے انتظار کرنا پرا اور اسلام آباد جانے والوں کو لاہور کا اضافی چکر لگانا پڑا۔ 

وزیراعظم  شہباز شریف، مریم نواز نے وفد کے ہمراہ جدہ سے اسلام آباد آنے والی  پی آئی اے کی  عام کمرشیل فلائٹ پی کے 842 پر سفر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کو لاہور اتارنے کے لئے جدہ اسلام آباد پرواز کو اسلام آباد سے پہلے لاہور میں لینڈ کرایا گیا اور وزیر اعظم کے طیارہ سے اتر جانے کے بعد کافی دیر تک طیارہ کو اسلام آباد روانہ نہیں کیا گیا۔ 

اس سے پہلے جدہ ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ شہباز شریف، مریم نواز اور ان کے وفد کے انتظار میں 2 گھنٹے کھڑا رہا اور مسافر  اپنی سیٹوں پر بیٹھے سرکاری وفد کا انتظار کرتے رہے۔ 

جدہ اسلام آباد پرواز پی کے 842 میں 380 مسافر سوار تھے۔  اس دوران لاہور ائیرپورٹ پر طیارے میں بیٹھے اسلام آباد اور کے پی کے کے مسافروں نے تاخیر ہونے پر احتجاج کیا۔

بعض مسافروں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں طیارے سے اترنے دو ہم بس یا ٹرین سے اسلام آباد چلے جائیں گے۔

مزیدخبریں