سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

9 Apr, 2024 | 10:18 AM

 (ویب ڈیسک) سینیٹ کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔

نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سینیٹ کا اجلاس جاری ہے۔

نو منتخب اور ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا، اسحاق ڈار نے ان سے حلف لیا۔سینیٹ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے ایوان میں احتجاج کیا اور نعرے لگائے، پی ٹی آئی کے سینیٹرز بانی پی ٹی آئی کی تصاویر ایوان میں لے آئے۔

اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اعظم نذیر تارڑ معاملے پر آئینی و قانونی پوزیشن واضح کریں۔

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی بھی سینیٹ پہنچ گئے۔

نو منتخب سینیٹرز محسن نقوی، سیدال خان، اورنگزیب خان، حامد خان، ایمل ولی بھی سینیٹ اجلاس میں شریک ہیں، سیکرٹری سینیٹ نے ممبران کو خوش آمدید کہا۔

مسلم لیگ ن نے سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا جس کے بعد سیدال خان ناصر کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے فارم حاصل کر لیے گئے۔

تحریک انصاف کا بائیکاٹ

 واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنےکا اعلان کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کی ایوان میں موجودگی تک چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب ملتوی کیا جائے۔

سینیٹر محسن عزیز نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ممبران کو مبارک باد دیتا ہوں، ہم آج کے حلف کی حفاظت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی اکائی موجود نہ ہو تو الیکشن جائز نہیں، کے پی کے ممبران کے بغیر چیئرمین اورڈپٹی کا الیکشن ناجائز ہے۔

مزیدخبریں