ویب ڈیسک: اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ لاہور کا اہم اقدام، لاہور مینجمنٹ ویسٹ اتھارٹی میں کرپشن اسکینڈل پر کارروائی شروع کردی۔
ایف آئی آر کے مطابق سابق چیئرمین ملک امجد نون نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے میں تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
ذرائع کے مطابق ملک امجد نون اعلیٰ عدلیہ میں اہم عہدے پر فائز شخصیت کے قریبی رشتہ دار ہیں۔کرپشن کیس میں نامزد ملک امجد نون اہم عدالتی شخصیت سے مسسل رابطے میں بھی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق امجد نون نے تمام قوانین توڑ کر اپنے فرنٹ مین اظہر حیات کو جنرل منیجر پروکیورمنٹ اینڈ کنٹریکٹ بھرتی کروایا، اظہر حیات کو جعلی ڈگریاں اور جعلی تجربے کے سرٹیفکیٹس بھی سابق چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی امجد نون نے ہی بنوا کر دیئے۔صفائی کے ٹھیکوں اور سامان کی خریدوفروخت میں دونوں نے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔اس کے علاوہ ادارہ جاتی انکوائری میں بھی دونوں پر 63 کروڑ دس لاکھ کی کرپشن ثابت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں نے اس کرپشن میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کیلئے بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔امجد نون کو سوموار کو اینٹی کرپشن پنجاب نے 63 کروڑ غبن کیس میں سمن کر لیا۔