(مانیٹرنگ ڈیسک) تیونس میں تارکین وطن کی مزید 2 کشتیاں ڈوبنے سے23 افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ 40 کو بچا لیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کا ساحل تارکین وطن کے لیے موت گھاٹ بن گیا جہاں صرف ایک ماہ میں 7 کشتیاں ڈوبنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔
کل اور آج یکے بعد دیگرے تارکین وطن کی دو مزید کشتیاں ڈوب گئیں۔ پہلے واقعے میں کشتی میں 37 افراد سوار تھے جن میں سے 17 کو بچالیا گیا تاہم 20 تاحال لاپتہ ہیں۔
آج ڈوبنے والی کشتی میں 40 سے زائد تارکین وطن سوار تھے جن میں سے 4 کی لاشیں مل گئیں، 36 کو ریسکیو کرلیا گیا تاہم 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
گزشتہ ماہ تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں میں پاکستانی شہری بھی شامل تھے جن میں ایک خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔