ویب ڈیسک: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نئی حکومت کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق قوم کے نام نیا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔
ایک جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان اپنے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آ رہے ہیں اور ایک گھنٹے کے دوران متعدد پوسٹس شیئر کر ڈالی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر چند منٹ قبل ہی ایک نیا پیغام شیئر کیا گیا ہے۔
اس 2 منٹ 17 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو نئی حکومت اور غلامی تسلیم نہ کرنے سے متعلق ترغیب دی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا اس ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ ’میں اپنی نوجوان نسل سے آج کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، میں اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا اور میں عوام میں جاؤں گا۔‘
اُن کا کہنا ہے کہ ’میں کبھی بھی جد جہد سے نہیں گھبراتا میں، میں جد و جہد جاری رکھوں گا، میں کبھی تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی امپورٹڈ حکومت مسلط کی جائے۔‘
اس ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان چاہیے، نوجوانوں، آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، ایک زندہ قوم اپنے حقوق کےلیے کھڑی ہوتی ہے، آپ نے غلامی قبول نہیں کرنی ہے۔‘