ملک اشرف: لاہور ہائی کورٹ میں ٹھیکیدار کے واجبات کی ادائیگی کے لئے دائر درخواست پر سماعت، چیف سیکرٹری پنجاب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری، چیف جسٹس محمد قاسم خان نے 20 اپریل کو جواب سمیت طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے رائل کنسٹرکشن کمپنی کے عدیل اکبر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے چوہدری عمران رضا چدھڑ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے فیصل آباد اور سرگودھا کے متعدد علاقوں کی سڑکیں تعمیر کیں۔ سڑکوں کی بروقت تکمیل کے باوجود 17 کروڑ روپے کے واجبات ادا نہیں کئے جا رہے۔
عمران رضا چدھڑ ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت درخواست گزار کے واجبات ادا کرنے کا حکم دے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ملک عبدالعزیز نے عدالت کو بتایا کہ واجبات کی ادائیگی کے لئے گزشتہ روز سمری مجاز اتھارٹی کو بھجوا دی ہے۔
چیف جسٹس محمد قاسم خان نے ریمارکس دئیے کہ عدالت نے 25 فروری کو عدالت میں موجود چیف سیکرٹری جواد رفیق کو اس درخواست پر دادرسی کا حکم دیا تھا۔ دو ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک فائل ورک ہو رہا ہے، عدالتی احکامات کو تماشہ بنایا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس محمد قاسم خان کا مزید کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب آئندہ سماعت پر جواب سمیت پیش ہوں۔