(ویب ڈیسک)چینی سکینڈل اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ۔9 سرکاری اور نجی بینکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاو¿نٹس منجمد کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ اکاؤنٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کیے گئے ہیں،اکاؤنٹس جہانگیر ترین گروپس کی مبینہ منی لانڈرنگ، غیر قانونی شیئرز کی خرید و فروخت، فراڈ اور سٹہ مافیا سے تعلق ہونے پر منجمد کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 4 امریکی ڈالرز، دو برطانوی پاؤنڈز اور 30 پاکستانی کرنسی کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں، جواکاؤنٹس منجمد کیے گئے ان میں علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ آمنہ ترین کا ایک اکاو¿نٹ شامل ہے۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ منجمد اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی رقم موجود ہے۔
قبل ازیںایف آئی اے کی جانب سے طلب کیے جانے پرعلی ترین ریکارڈ سمیت پنجاب ہیڈ کوارٹر پیش ہوئے تھے۔ علی ترین ڈیڑھ گھنٹہ ایف آئی اے دفتر میں موجود رہے -تحقیقاتی ٹیم نے علی ترین سے منی لانڈرنگ اور فراڈ ٹرانزیکشن کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کے جوابات ریکارڈ کا حصہ بنادیے گئے۔ایف آئی اے نے علی ترین سے پانچ سوالوں کے جوابات ساتھ لانے کا کہا تھا جو علی ترین کی جانب سے ایف آئی اے کو فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کا کہنا تھا کہ ان تحریری جوابات کا اب تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم نے مالیاتی سکینڈل پر درج کیے جانے والے مقدمات کی تفتیش کے لیے علی ترین اور جہانگیر ترین کو آج طلب کیا تھا -
چینی سکینڈل: جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے کتنے اکاﺅنٹس منجمد ہوگئے؟
9 Apr, 2021 | 03:53 PM