کورونا کی تیسری لہر ستم ڈھانے لگی، 105 افراد جاں بحق

9 Apr, 2021 | 03:23 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی تیسری لہر ستم ڈھانے لگی، بے احتیاطی اور لاپرواہی کے باعث کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، قاتل وائرس مزید 105 افراد کی زندگیاں نگل گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 105 لقمہ اجل بن گئے، جبکہ49 ہزار 948 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5 ہزار 329 افراد کورونا سے متاثر نکلے، آٹھ ماہ بعد کورونا کیسز کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 66 فیصد ہو گئی، ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 229 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 10 ہزار 829 ہو چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں 2 لاکھ 43 ہزار 295، سندھ میں 2 لاکھ 67 ہزار 970، خیبر پختونخوا میں 96 ہزار 128، بلوچستان میں 20 ہزار 97، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 97، اسلام آباد میں 64 ہزار 173 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 ہزار 69 کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں کورونا وائرس سے مزید 33 افراد جاں بحق، 1347 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،  لاہور کے ہسپتالوں میں 761 مریض زیر علاج ہیں، آئی سی یو 90 فیصد تک بھر گئے، 208 مریضوں کی حالت تشویشناک  ہے۔

ادھر وبا سے نمٹنے کیلئے ملک بھرمیں ویکسی نیشن کا عمل بھی سست روی کا شکار ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسین کا عمل 15 سینٹرز میں جاری ہے جہاں ہیلتھ کیئر ورکرز اور شہریوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، پمز میں روزانہ ایک ہزار سے 12 سو افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

ترجمان پمز ہسپتال خواجہ وسیم کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل ہر کورونا مریض کو آکسیجن لگائی گئی ہے جبکہ وینٹی لیٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ، ملک بھرمیں اس وقت 3 ہزار 942 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ چوبیس گھنٹے میں 2 ہزار 610 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے۔

مزیدخبریں