چینی غائب کرنے والوں کی گرفتاری کا فیصلہ

9 Apr, 2021 | 01:52 PM

Sughra Afzal

دیو سماج روڈ (درنایاب) کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے چینی چھپانے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف ڈپٹی کمشنرز کو سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ 

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور  کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے سرکاری نرخنامے کے مطابق 85 روپے فی کلو چینی فروخت نہ کرنے والے مافیا کی سرکوبی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کمشنر لاہور نے چینی چھپانے، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کی گرفتاریوں کے احکامات جاری کردیئے۔

  کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ چینی پر ناجائز منافع خوری پر تمام افسران زیرو ٹالرنس رکھیں گے، شہریوں کو یقینی ریلیف دینے کیلئے انتظامیہ مکمل طور پر متحرک رہے گی۔ 

کمشنر لاہور نے ڈی سیز کو ہدایت کی ہے کہ جو شہریوں پر رحم نہیں کرتا اس پر بھی رحم نہ دکھایا جائے، تمام ڈی سیز خود آپریشن کریں اور ہر آپریشن کی نگرانی کریں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، ناجائز منافع لینے والے بھتہ خوروں سے کم نہیں، آہنی عزم سے نمٹیں گے۔

ذرائع کےمطابق لاہور میں چینی 100 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے یا دستیاب ہی نہیں، راوی روڈ، کینال پارک، ٹاؤن شپ، گرین ٹاؤن، چونگی امرسدھو، گلبرگ اور شمالی لاہور کے علاقوں میں چینی دکانوں سے غائب ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب سستی چینی ملے گی تو وہ بھی سستے داموں فروخت کریں گے۔ فی الحال 96 روپے ملنے والی چینی 85 روپے میں نہیں بیچ سکتے۔ 

چینی کی عدم دستیابی سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری قیمت تو درکنار مہنگے داموں بھی چینی نہیں مل رہی۔دوسری جانب انتظامیہ نے رمضان المبارک سے پہلے صورتحال میں بہتری کا دعویٰ کر دیا۔

مزیدخبریں