غریب دکانداروں پر ایک اور بوجھ

9 Apr, 2020 | 06:23 PM

Malik Sultan Awan

(عثمان علیم) ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نے غریب دکانداروں پر ایک اور بوجھ ڈال دیا، حکومتی احکامات پر سبزیوں اور پھلوں کی دکانوں کے علاوہ دیگربند دکانوں کا کرایہ وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا، دکانیں بند ہونے کے باوجود کرایہ وصول کرنے پر دکاندار سراپا احتجاج ہیں۔
ماڈل بازاروں کے غریب دکانداروں پر انتظامیہ نے ایک اور بوجھ ڈال دیا،لاک ڈاؤن کے دوران حکومتی احکامات پر سبزیوں و پھلوں کی دکانوں کے علاوہ دیگر دکانیں بند کروائی گئی مگر ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نے بند دکانوں پر بھی کرایہ لینے کا فیصلہ کرلیا،ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نے 17 روز سے بند دکانوں کو بھی کرایہ کے چالان بھیج دیے۔

بند دکانوں پر بھی کرایہ لینے پر دکانداروں نے ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے خلاف احتجاج کیا،ماڈل بازار ہربنس پورہ کے دکانداروں نے دکانیں بند ہونے کے باوجود کرایہ لینے پر چالان ہاتھوں میں اٹھا کر کمپنی کے خلاف احتجاج کیا۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ دکانیں بند ہونے سے پہلے ہی معاشی طور پر کمر ٹوٹ چکی ہے ،بند دکانوں سے گھروں میں فاقے ہیں کرایہ کہاں سے دیں ،حکومت ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کو بند دکانوں کے عوض کرائے لینے سے روکے۔

دوسری جانب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کا موقف ہے کہ کمپنی ذاتی اخراجات ، تنخواہوں ، بلوں سمیت دیگر اخراجات پوری کرتی ہے۔

مزیدخبریں