احساس پروگرام، مستحقین میں امدادی رقم کی تقسیم شروع

9 Apr, 2020 | 02:51 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی) لاہورسمیت پنجاب بھرمیں احساس پروگرام کے تحت کورونا وائرس کےمستحقین میں امدادی رقم کی تقسیم کا عمل شروع، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر  نے صوبہ بھر میں مختص کردہ پوائنٹس کے گردونواح میں فول پروف سکیورٹی کے ساتھ پٹرولنگ کا عمل بھی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے حکم پر کورونا وائرس مستحقین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا آغاز آج سے صوبہ بھر میں کردیا گیا، جس کے لیے پنجاب بھر میں پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو پوائنٹس پرفول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پوائنٹس کے گردونواح میں سڑکوں پرپٹرولنگ کاعمل موثر بنایا جائے، امدادی رقم بہت زیادہ ہے، اس لیے سنٹروں پر منتقلی اور پھر مستحقین کی وصولی کے بعد ان کو گھروں تک محفوظ طریقے سے پہنچانے کے لیے رینجرز، پاک فوج کے ساتھ  مل کر سکیورٹی پلان بنایا جائے، صبح 8 بجےسے لے کر شام 7بجے تک سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔

ضلعی انتظامیہ نےامدادی رقم کی تقسیم کیلئے لاہور میں 30 مقامات مختص کیے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے امدادی رقوم تقسیم کرنے کے پوائنٹس پرسکیورٹی کے حوالے سے مراسلہ ڈی آئی جی آپریشنز کوبھجوا دیا ہے، جس پر آئی جی کے احکامات کےمطابق عملدرامد شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ  چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک 4334افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 63 افراد موت کےمنہ میں چلے گئے۔ لاہور میں لاک ڈاؤن کا آج 17 واں روز ہے، تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، سینما گھر ، شادی ہالز بند ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوا۔

مزیدخبریں