حسن علی: لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کار ڈیلرز کو شورومز کھولنے کی اجازت دینے کے ساتھ ساتھ کار لائن سے منسلک تاجروں کو ریلف دے کیونکہ کار لا ئن سے 72 شعبوں کو روزگار ملتا ہے۔
جیل روڈ پر لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کی کے عہدیداروں نے لاک ڈاون کے باعث پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس کی۔پریس کانفرنس میں لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم خان، انجمن تاجران کار ڈیلرز جیل روڈ کے چئیرمین چودھری ادریس، مولانا شوکت علی روڈ کے صدر شعیب خان، محمد عارف سمیت دیگر نے شرکت کی۔
شہزادہ سلیم خان اور چودھری ادریس کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں اور مختلف کاروبار کو حفاظتی تدابیر کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی ہے, اسی طرح حکومت شو رومز کو بھی کھولنے کی اجازت دے کیونکہ 90 فیصد کار ڈیلرز کرایوں کے شورومز میں کاروبار کرتے ہیں جن کے پاس اب کرائے دینے کی بھی سکت نہیں ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے جو لاک ڈاون کیا ہے اسکا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ حکومت یا تو مکمل لاک ڈاون کر دے یا پھر کاروبار کرنے کی اجازت دے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے جس طرح دیگر شعبوں کو ریلف دیا ہے اسی طرح کار لائن کے تاجروں کو بھی ریلف دے اور ٹیکسوں میں چھوٹ دی جائے۔
کار لائن سے تعلق رکھنے والے دیگر تاجروں کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے شور مز میں اتنا رش نہں ہوتا جتنا گراسری سٹورز پر ہوتا ہے اس لئے حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ کار شورومز کھولنے کی اجازت دے۔
کار ڈیلرز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، پیرا میڈک سٹاف اور میڈیا کے نمائندوں کو موجودہ حالات میں اپنی ذمہ دایاں ادا کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔