تبدیلی سرکار نے لاہوریوں کو انتظار کی قطار میں لگا دیا

9 Apr, 2020 | 01:27 PM

Shazia Bashir

عثمان علیم: کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر وزیر اعظم کی ہدایات پر آج سے کم آمدنی والے خاندانوں میں کیش ڈسٹریبیوشن کا معاملہ، لاہوریوں کو انتظار کی قطار میں لگا دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختص شدہ 30 جگہوں پر کیمپس نہ لگ سکے، نوٹیفکیشن کے مطابق آج صبح آٹھ بجے سے لاہور میں تیس مقامات پر کیش تقسیم کیا جانا تھا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آج سے کم امدنی والے خاندانوں میں کیش رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا، مگر لاہوریوں کو انتظار کی قطار میں لگا دیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں تیس مقامات پر آج سے کیش ڈسٹریبیوشن کیمپس لگائے جانے تھے جن میں صبح آٹھ سے شام سات بجے تک کیش تقسیم کیا جانا تھا مگر کسی بھی مختص شدہ جگہ پر کیمپ نہ لگ سکا اور نہ ہی کیش ڈسٹریبیوشن کا عمل شروع کیا جا سکا۔

لاہور کا نام کیش ڈسٹریبیوشن کے لیے پہلے فیز میں رکھا گیا تھا جسے اب دوسرے فیز میں ڈال دیا گیا ہے اور شہریوں کو امدادی رقم کے حصول کے لیے میسج آنے کے انتظار کا کہا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے برعکس کسی بھی مختص جگہ پر کیمپ نہیں لگایا گیا۔

تحصیل سٹی میں کیش ڈسٹریبیوشن کے لیے 6 سائٹس مختص کی گئی ہیں جن میں گورنمنٹ سٹی ڈسٹرک سکول مین جی ٹی روڈ، گورنمنٹ ماڈل سکول چمڑا منڈی، گورنمنٹ عائشہ ڈگری کالج ٹمبر مارکیٹ، سنٹرل ماڈل سکول رتیگن روڈ، ایل ڈی اے سکول فار بوائز سبزہ زار، سی ڈی جی گرلز ہائی سکول ملتان روڈ شامل ہیں،تحصیل شالیمار میں 4 کیمپس سائیٹ، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول باغبان پورہ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول چونگی، سی ڈی جی ہائی سکول ہربنس پورہ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول جلو موڑ شامل ہیں۔

تحصیل رائیونڈ میں 8 جگہوں پر کیش ڈسٹریبیوشن کیمپس لگائے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز ملتان روڈ، گورنمنٹ ہائی سکول چونگ، گورنمنٹ ہائی سکول مراکہ، گورنمنٹ ہائی سکول آرائیاں پنڈ، گورنمنٹ ہائی سکول رائیونڈ سٹی، یونین کونسل 256 علی رضا اباد کا دفتر، گورنمنٹ پرائمری سکول موضع مانک رائیونڈ شامل ہیں۔

تحصیل کینٹ میں 4 کیمپس لگائے گئے ہیں جو کہ گورنمنٹ ہائی سکول ہڈیارہ، مسلم ہائی سکول صدر بازار، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول برکی روڈ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نورپور، شامل ہیں جبکہ تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 8 کیش ڈسٹریبیوشن کیمپس لگائے گئے ہیں جو کہ گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول وحدت روڈ ، گورنمنٹ ہائی سکول ٹاؤن شپ، گورنمنٹ ہائی سکول گرین ٹاؤن، گورنمنٹ ہائی سکول کاہنہ، گورنمنٹ شہداء اے پی ایس ہائی سکول ماڈل ٹاؤن شامل ہیں۔

لاک ڈاؤن کے 17ویں روز کے بعد بھی مستحق خاندانوں میں امدادی رقم کی تقسیم نہیں ہو سکی اور لاہوریوں کو مزید انتظار کرنے کا کہ دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں