دو بزرگ اداکاروں نے لاک ڈائون توڑدیا،شادی وائرل

9 Apr, 2020 | 12:19 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون ہے،پاکستان میں بھی فلائٹس، پبلک ٹرانسپورٹ ، کاروبار ،سماجی  میل جول، اجتماعات پر پابندی ہے،ایسے میں 2 بزرگ اداکاروں نے شادی کرلی ہے،ان کی شادی پر سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہے،اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

 معروف ڈرامے ’الف‘میں عبدالعلیٰ کا کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار منظر صہبائی  اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کی شادی کی خبریں زیر گردش ہیں۔پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار 4 اپریل کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر تو جوڑے کی تصویریں اور شادی کے حوالے سے خبریں وائرل ہورہی ہیں تاہم جوڑے کی جانب سے کوئی تصدیق سامنے آئی اور نہ ہی تردید آئی ہے۔


اداکاروں کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد جوڑے کو مبارکباد دینے میں آگے آگے ہے۔

 
یاد رہے 11 فروری 1950 کو کراچی میں پیدا ہونے والی ثمینہ احمد کی اس سے قبل فلم ڈائریکٹر فرید احمد سے شادی ہوئی تھی جو 1993 میں انتقال کرگئے۔مشہور و معروف اسٹیج پرفامر، ٹی وی ادکارہ، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ثمینہ احمد کے مشہور ڈراموں میں الف نون، بول میری مچھلی، انگار وادی، پانی جیسا پیار، آخری بارش، فیملی فرنٹ، دھوپ میں ساون، تعلق، نور بانو، میرے ہمدم میرے دوست اور دیگر شامل ہیں۔

خیال رہے اداکارہ کے فن کے اعتراف میں حکومت پاکستان انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کر چکی ہے۔منظر صہبائی بھی پاکستان کی فلموں اور ڈراموں کے سینئر اداکار ہیں اور نامور شاعر سرمد صہبائی کے بھائی ہیں۔منظر صہبائی نے  پاکستانی فلموں بول، زندہ بھاگ اور ماہِ میر میں اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے۔

مزیدخبریں