کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ نہ ہونے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

9 Apr, 2020 | 12:01 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور سمیت ملک بھر میں کوروناوائرس کے مفت ٹیسٹ نہ ہونے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے کورونا وائرس کے مفت ٹیسٹ نہ ہونے کیخلاف درخواست دائر کردی، درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت صحت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی تجویز دی ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث تمام کاروبار اور تجارتی مراکز بند ہو چکے ہیں، پاکستان کی عوام کے پاس کورونا ٹیسٹ کروانے کے لیے رقم نہیں ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پرائیویٹ لیب، ہسپتالوں میں کورونا کے مفت ٹیسٹ کروانے اور قانون و آئین کے مطابق کورونا کے ٹیسٹ کے تمام اخراجات حکومت کو برداشت کرنے کا حکم دے۔

واضح رہےکہ  چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں لاکھوں لوگ متاثر اور ہزاروں ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک 4334افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 63 افراد موت کےمنہ میں چلے گئے،ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 63 ہلاکتوں میں سے سندھ اور خیبرپختونخوا میں 20،20 ، پنجاب 18 ، گلگت بلتستان 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

کورونا سے سب سے زیادہ پنجاب متاثر ہوا،   پنجاب میں اس وقت 2188، سندھ میں1036 ،خیبر پخواہ میں560 ، بلوچستان212،  گلگت بلتستان 213،اسلام آباد 102، آزاد کشمیر  میں 28 کنفرم مریض ہیں۔

مزیدخبریں