لاہور میں کورونا سے مزید 2 اموات، ہلاکتیں10 ہوگئیں

9 Apr, 2020 | 09:47 AM

Sughra Afzal
Read more!

ہسپتال روڈ (بسام سلطان) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، اب تک  اس مہلک وائرس سے  61  افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4207 تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں اس وقت کورونا کے  932، بلوچستان میں 210 ، خیبر پختونخوا میں 500 ، آزاد کشمیرمیں 28، اسلام آباد میں 83 اور گلگت بلتستان میں 211 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

باغوں کے شہر لاہور میں  بھی کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، میو ہسپتال میں کورونا کے مزید 2 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی، ہسپتال ذرائع کے مطابق 32 سالہ مریضہ اورکرغستان سے تبلیغی اجتماع میں آیاشہری جاں بحق ہوگیا، مریضہ کی موت گردے فیل ہونے سے ہوئی، جبکہ جاں بحق ہونیوالا دوسرا شہری غیرملکی تھا، 32 سالہ خاتون کو کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر 3 اپریل کو میو ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور  میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد10  اور صوبے میں تعداد 18 ہو گئی، لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد347 ہوگئی جبکہ متاثرہ قیدی 58 ہو گئے، میو ہسپتال میں سب سے زیادہ 160 مریض زیر علاج ہیں، پنجاب میں کورونا پازیٹو کے 2166 مریض ہیں، شہر میں مزید 2 افراد کوروناوائرس کو ہرانے میں کامیاب ہوگئے، دونوں افراد کو صحت یاب ہونے پر میوہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جس کے بعد میوہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 19 ہوچکی ہے۔کورونا کرائسسز مینجمنٹ سیل کے مطابق صوبہ بھر میں کورونا وائرس کے 10 ہزار770 مشتبہ مریض ہیں۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر  نےعوام سے گزارش کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں، آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں، محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروایں گی۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے  کیسز کے پیش  نظر پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی جبکہ تعلیمی ادارے بدستور 31 مئی تک بند رہیں گے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 17 واں روز ہے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے  سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہورہا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔ 

اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں، گرم پانی پیئں، ماسک اور گلوز کا استعمال کریں۔

مزیدخبریں