سٹی 42 : جلسے کے شرکا کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر بلا اشتعال پتھراؤ کیا گیا، جس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ محسن نقوی نے ایس ایس پی شعیب خان سے خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ جلسہ این او سی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ڈی سی اسلام آباد کا جلسہ کے شرکاء کو منتشر کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکاء کی جانب سے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا گیا ،پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان موٹر وے سے سنگجانی کی جانب روآنہ ہونا چاہتے تھے ۔