اسلام آباد میں ہونے والے پاور شو سے قبل ہی پی ٹی آئی میں اختلافات واضح ہونے لگے ، تحریک انصاف کے رہنماؤں جنید اکبر اور شکیل خان کو صوابی میں اسلام آباد جلسے کیلئے جانے والے اجتماع میں مدعو نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ کے پی کے سے تحریک انصاف کے قافلے صوابی میں جمع ہونے ہیں، جس کے بعد صوابی سے وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ جلسہ گاہ روانہ ہوگا۔ تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں جنید اکبر اور شکیل خان کو صوابی میں پی ٹی آئی اجتماع کے لئے مدعو نہیں کیا گیا۔ یہیں ایک اور بات سامنے آئی ہے کہ گذشتہ دنوں جلسے سے متعلق وزیراعلیٰ ہاوس میں ہوئے اجلاس میں بھی دونوں اراکین اسمبلی شریک نہیں تھے، رکن اسمبلی عاطف خان بھی اجلاس میں شریک نہیں تھے۔
ذرائع کا کے مطابق جنید اکبر صوابی میں پی ٹی آئی کارکنوں کے اجتماع سے لاعلم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمارا فوکس اسلام آباد جلسہ ہے، وزیراعلیٰ صوابی جائیں گے تو ہم بھی ضرور جائیں گے، وزیراعلیٰ پارٹی کے صوبائی صدر ہیں، ان کے قافلے میں شریک ہوں گے۔
دوسری جانب مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کے لیے عام اعلان کیا گیا تھا جب کہ صوابی اجتماع میں بھی کسی کو نظر انداز نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس شکیل خان نے اپنی ہی جماعت کی حکومت پر کرپشن کے الزامات لگا کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ شکیل خان کے استعفے کے بعد اس معاملے پر پی ٹی آئی کے اندر سے بھی آوازیں اٹھیں اور متعدد اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے شکیل خان کی حمایت میں بیان بھی دیے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اراکین اسمبلی عاطف خان اور شیرعلی ارباب کوپارٹی عہدوں سے ہٹادیا تھا۔