میری سب سے درخواست ہے کہ لوگوں کو جلسہ گاہ پہنچنے دیں، بیرسٹر گوہر

8 Sep, 2024 | 05:24 PM

ویب ڈیسک : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سنگجانی اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہونے والا ہے۔

 بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک بھر سے ہمارے قافلے رواں دواں ہیں، ہم نے کل این او سی دینے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا تھا۔  خبر آئی ہے کہ جلسہ گاہ کی طرف آنے والی ہر سڑک کو بند کیا گیا ہے، ناکے لگائے ہیں۔ میری درخواست ہے کہ اس پراسیس کو چلنے دیں اور پُرامن طریقے سے جلسہ ہونے دیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ اپنے اختتام پر پُرامن طریقے سے منتشر ہوگا۔ نہ دھرنا ہوگا نہ لانگ مارچ، میری سب سے درخواست ہے کہ لوگوں کو جلسہ گاہ پہنچنے دیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا میدان سج گیا ہے، سنگجانی مویشی منڈی میں قائم جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، تاہم جلسے کے موقع پر اسلام آباد آنے والے اہم راستے 29 مقامات پر بند ہیں۔  راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن اورنج لائن، بلیو لائن، پنک بس سروس اور فیڈر روٹس بھی بند کر دیے گئے، فیض آباد، کھنہ پُل، روات، ٹی چوک، چُنگی نمبر 26 کے راستے کنٹینرز لگاکر بند کردیے گئے۔

مزیدخبریں