دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں بیٹی کی پیدائش

8 Sep, 2024 | 01:04 PM

 ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے اپنی ننھی پری کا دُنیا میں استقبال کرلیا ہے، اداکارہ کی بیٹی کی پیدائش ممبئی کے اے ایچ این ریلائنس ہسپتال میں ہوئی۔ دیپیکا پڈوکون گزشتہ روز اپنے شوہر اور والدہ کے ہمراہ ممبئی کے ہسپتال آئی تھیں جہاں اداکارہ کو داخل کرلیا گیا تھا، اس وقت سے بھارتی میڈیا کے نمائندے خوشخبری کے انتظار میں تھے۔

اب کچھ دیر پہلے ہی بھارتی میڈیا کے نمائندوں نے ہسپتال ذرائع سے تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسٹار جوڑی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی بیٹی کی پیدائش کی خبر نے مداحوں کو خوشی سے نہال کردیا ہے، مداحوں کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ابھی تک دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے بیٹی کی پیدائش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ جاری نہیں کی ہے۔اس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دیپیکا پڈوکون 28 ستمبر کو جنوبی ممبئی کے ایک ہسپتال میں اپنے پہلے بچے کو جنم دیں گی۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے سال 2018 میں اٹلی میں ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی جبکہ رواں سال فروری میں جوڑی نے اعلان کیا تھا کہ اُن کے ہاں ستمبر میں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

مزیدخبریں